ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایئر انڈیا نے ایئربس سے 250 طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا

ایئر انڈیا نے ایئربس سے 250 طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا

Wed, 15 Feb 2023 11:14:50    S.O. News Service

نئی دہلی، 15/ فروری (ایس او نیوز؍یو این آئی) حکومت سے ٹاٹا گروپ کے کنٹرول میں آنے والی ایئر انڈیا نے اپنے بیڑے کی توسیع کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے منگل کو یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئربس سے 250 طیاروں کی خریداری کے معاہدے کا اعلان کیا۔

ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے، ٹاٹا سنز کے چیئرمین نٹراجن چندر شیکھرن نے کہاکہ ہم ایئر انڈیا کو ایک عالمی معیار کی ایئر لائن بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس کیلئے بڑے پیمانے پر تبدیلی کا عمل شروع کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں، شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا اور ٹاٹا ٹرسٹ کے سربراہ رتن ٹاٹا بھی اس پروگرام میں شامل تھے۔

مسٹر چندر شیکھرن نے کہا کہ ایئر انڈیا نے ایئر بس کے ساتھ 250 طیاروں کا معاہدہ کیا ہے۔ یہ ایئربس کے ساتھ سب سے بڑے سودے میں سے ایک ہے۔اس موقع پر مسٹرمودی نے ٹاٹا گروپ اور ایئربس کواس معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس میں ہندوستان کے ہوا بازی کے شعبے کی کامیابی اور خواہشات کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کا شہری ہوا بازی کا شعبہ ہندوستان کی ترقی کے سفر کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔ ہماری قومی انفراسٹرکچر پالیسی میں شہری ہوا بازی کا شعبہ ایک اہم پہلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں گزشتہ آٹھ برسوں میں ہوائی اڈوں کی تعداد 74 سے بڑھ کر 147 ہو گئی ہے۔اڑان اسکیم نے دور دراز علاقوں میں بھی ہوائی خدمات کو وسعت دی ہے اور لوگوں کی معاشی اور سماجی ترقی کو فروغ دیا ہے۔


Share: